سپریم کورٹ میئر کراچی اور وزیر بلدیات سندھ سعید غنی پر سخت برہم - Daily Sindh News

Fast Sindhi News Service

Post Top Ad

Thursday, May 9, 2019

سپریم کورٹ میئر کراچی اور وزیر بلدیات سندھ سعید غنی پر سخت برہم

وزیر بلدیات سعید غنی اور مئیر کراچی وسیم اختر
تجاوزات کے خلاف آپریشن میں عدالتی احکامات پر عمل نہ کرنے کے بیان پر سپریم کورٹ نے میئر کراچی اور وزیر بلدیات پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔

سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں شہر میں تجاوزات سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی جس سلسلے میں اٹارنی جنرل، سیکریٹری دفاع اور دیگر حکام عدالت میں پیش ہوئے۔

سیکریٹری دفاع کی جانب سے رپورٹ پیش کی گئی جسے عدالت نے مسترد کردیا۔

جسٹس گلزار احمد نے کہا کہ رپورٹ مبہم ہے، عدالتی احکامات پر عمل کیوں نہیں ہوا، یہ رپورٹ غیر اطمینان بخش اور آنکھوں میں دھول جھونکنے کے مترادف ہے۔

اس پر اٹارنی جنرل نے مؤقف اپنایا کہ سپریم کورٹ کا حکم ہے، مجھے وضاحت کا موقع دیا جائے۔

عدالت نے تجاوزات کے خلاف بیان دینے پر وزیر بلدیات اور میئر کراچی پر برہمی کا اظہار کیا۔

جسٹس گلزار احمد کا کہنا تھا کہ کہاں ہیں وہ بلدیاتی وزیر جو کہتے پھررہے ہیں ہم ایک بھی بلڈنگ نہیں گرائیں گے، میئر کراچی بھی بولتے پھر رہے ہیں ہم عمارتیں نہیں گرائیں گے، کیا انہوں نے عدالت سے جنگ لڑنی ہے؟ ہم پہلے سب کوسن لیں پھر دیکھتے ہیں ان کو کہاں بھیجنا ہے۔

معزز جج نے مزید کہا کہ پورے شہر میں لینڈ مافیا منہ چڑھا رہا ہے اور یہ ایسی باتیں کرتے رہے ہیں۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ کراچی رجسٹری نے اپنے 22 جنوری کے فیصلے میں کراچی کو 40 سال پرانی حالت میں بحال کرنے کا حکم دیا تھا اور اس ضمن میں پارک، کھیلوں کے میدان اور اسپتالوں کی اراضی بھی واگزار کرانے کا حکم دیا۔

وزیر بلدیات سعید غنی اور مئیر کراچی نے سپریم کورٹ کے احکامات پر عملدرآمد نہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ شہر میں رہائشی عمارتیں نہیں گراسکتے۔

No comments:

Post a Comment

Post Bottom Ad

Pages